Al-Khwarizmi

الخوارزمی

مسلمان سائنسدانوں نے اپنے  زمانہِ عروج میں ہر ایک سائنسی علوم کی شاخ پر کام کیا اور تاحیات باقی دنیا کے لیے آسانیاں پیدا کیں۔ آج ہم ریاضی کی شاخ الجبرا کی بنیاد رکھنے والے مشہور سائنسدان عبد اللہ بن محمد بن موسیٰ خوارزمی کا ذکر کرنے والے ہیں۔ آپ ۷۸۰ء میں خوارزم (آج کے ازبکستان) کے ایک فارسی خاندان میں پیدا ہوئے۔ اُس دور میں بغداد سائنس اور تجارت کا مرکز تھا جس کے سبب دنیا بھر سے سائنسدان اور تاجر ادھر کا رخ کرتے تھے۔ الخوارزمی بھی بغداد میں المعمون کے قائم کردہ ایک بیت الحکمہ سے منسلک ہو گئے اور ایک لمبے عرصے تک ایک عالم اور سائنسدان کے طور پر خدمات سر انجام دیتے رہے۔

15635951424_27b047f640_b

ازبکستان کے شہر خیوا میں الخوارزمی کا مجسمہ۔

آپ کے سائنسی کارناموں کی تاثیر اتنی گہری تھی کہ اسکے آثار آج بھی پوری دنیا میں موجود ہیں۔ آپ نے ایک ہزار سے زائد کتابیں لکھیں جن میں سے ۸۰۰ صرف ریاضی کےمضامین پر ہیں۔ ریاضی میں آپ کو الجبرا کے بانی کےطور پر یاد کیا جاتا ہے، الجبرا کا لفظ بھی آپکی کتاب الجبر و المقابلہ سے ماخوذ ہے۔ آپ نے روزانہ کی زندگی کو الجبرا کی اہمیت سے  روشناس کرایا اور مختلف پیشوں میں اسکا استعمال بتایا۔ ریاضی میں الخوارزمی نے ہندی اعداد (Indian numerals)   اور مثلثیات کے اہم سائن اور کو سائن کے فنکشنز بھی متعارف کروائے۔  

 بےشک الخوارزمی کی شہرت کی سب سے بڑی وجہ اُن کا ریاضی کے میدان میں کام بنی، لیکن آپکی کُل تحقیق کا دائرہ نہایت وسیع تھا۔ آپ نے فلکیات، جغرافی اور زمینیات جیسے سائنس کے بے شمار شعبوں میں کام کیا۔ خود کو الجبرا کے ساتھ ساتھ الگورتھم کا بانی بھی منوایا اور موسم کی بنیاد پر دنیا کو مختلف حصوں میں بھی بانٹا۔  آپ کی اعلی ذہنیت کا سنہری دور ۸۵۰ ء میں ختم ہوا ۔ حقیقت یہ ہے کہ آج کے دور کے تہذیب و تمدن کی ترقی بغیر اس عظیم شخصیت کے بہت زیادہ تاخیر کا شکار ہوتی ۔